Mansehra.com مانسہرہ ڈاٹ کام
26 ربیع الثانی 1448 ہجری جمعہ، 9 اکتوبر 2026·25 اسو
آج کی حدیث رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بہترین دن جس پر سورج طلوع ہوا، جمعہ کا دن ہے۔“ 854 حوالہ: صحیح مسلم، حدیث نمبر
تازہ ترین
پولیس

مدرسہ طالبہ قتل کیس حل: قتل میں ملوث ماں اور بیٹا گرفتار

09-اکتوبر-2026 — Qazi Jawad 0 تبصرے 31 وزٹ
Read in English
مدرسہ طالبہ قتل کیس حل: قتل میں ملوث ماں اور بیٹا گرفتار
مانسہرہ – مانسہرہ پولیس نے لمبی ڈھیری میں مدرسہ کی طالبہ کے لرزہ خیز اور اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث مبینہ مرکزی ملزمان ماں اور بیٹے کو گرفتار کر لیا ہے۔
واقعے کی تفصیلات
ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کے مطابق 26 ستمبر 2026 کو فاطمۃ الزہرہ مدرسہ لمبی ڈھیری کی 19 سالہ طالبہ حمنہ بی بی تعلیم حاصل کرنے کے بعد واپس گھر جا رہی تھی۔ اسی اثنا میں گھر کے قریب ہی گلی میں ایک نامعلوم شخص نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔
طالبہ کو تشویشناک حالت میں ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔ واقعہ کا مقدمہ مقتولہ کے والد سعید احمد کی مدعیت میں تھانہ لاری اڈہ میں درج کیا گیا تھا، جسے بعد میں دفعہ 302 پی پی سی کے تحت تبدیل کر دیا گیا۔
گرفتاریاں اور تفتیش
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے زاہدہ بی بی زوجہ محمد ہارون اور اس کے حقیقی بیٹے سعد ولد محمد ہارون (سکنہ جٹاں میرا لبڑکوٹ) کو حراست میں لے لیا۔
ملزمہ زاہدہ بی بی کو عدالت کے حکم پر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل مانسہرہ منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزم سعد کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اس کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم سے آلہ قتل کی برآمدگی اور قتل کے پس پردہ دیگر محرکات پر تفتیش جاری ہے۔
دوہرے قتل کا کیس بھی حل
دریں اثنا، مانسہرہ پولیس نے تھانہ سٹی اور تھانہ صدر کی حدود میں پیش آنے والے دو الگ الگ قتل کے واقعات کا معمہ بھی حل کرتے ہوئے دونوں مقتولین کے قاتلوں کو گرفتار اور ان سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔
ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کے مطابق 6 اکتوبر 2026 کو تھانہ سٹی کی حدود کھڑیاں سفیدہ میں گلنواز ولد گوہر رحمان کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا، جبکہ اسی روز تھانہ صدر کی حدود چکیاء تتورے بائی پاس کے قریب مسماۃ (س) کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول گلنواز کے مسماۃ (س) کے ساتھ مبینہ تعلقات تھے، جس حوالے سے دونوں خاندانوں کے مابین جرگے بھی ہو چکے تھے۔ پولیس نے جدید تفتیشی طریقہ کار اور دستیاب شواہد کی مدد سے دونوں قتل کے واقعات میں ملوث مقتولین کے قریبی رشتہ داروں کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔
تفتیش کے دوران مقتول گلنواز کے قتل میں اس کے بھائی امجد ولد گوہر رحمان کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 30 بور پستول برآمد کر لیا، جبکہ مسماۃ (س) کے قتل میں اس کے بھائی عابد ولد ممتاز اور امجد ولد ممتاز کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے پستول برآمد کر لیا گیا۔
عوامی ردعمل
دونوں واقعات کی کامیاب تفتیش پر عوام نے مانسہرہ پولیس کی کارکردگی کو سراہا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں نے انصاف کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے (0)

ابھی کوئی تبصرہ موجود نہیں — پہلا تبصرہ آپ کریں۔

تبصرہ کریں

آپ کا تبصرہ منظوری کے بعد یہاں شائع ہوگا۔ ای میل عام صارفین کو نظر نہیں آئے گی۔