گورنر نے وعدہ پورا کر دیا مانسہرہ کی سپیشل طالبہ کو نوکری مل گئی

گورنر خیبر پختونخواہ اور چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ حاجی غلام علی نے اپنا وعدہ پورا کیا ۔ ہزارہ یونیورسٹی کی ڈپارٹمنٹ آف کمیونیکشن اینڈ میڈیا سٹڈیز کی طالبہ اور مانسہرہ سے تعلق رکھنے والی ایک ہاتھ سے معذور مس عفیفہ انیس کو خیبر میڈیکل یونیورسٹی (KMU) پشاور میں ملازمت دلوا دی ۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی (KMU) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے عفیفہ انیس کو تقرری کا حکم نامہ دیا
مس عفیفہ انیس ایک ہاتھ میں معذوری کے ساتھ پیدا ہوئیں اور انہوں نے حال ہی میں ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ سے بی ایس کمیونیکیشن اینڈ میڈیا اسٹڈیز میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی ہے۔ خیبرپختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی نے ہزارہ یونیورسٹی کے کانووکیشن میں انہیں نوکری دینے کا وعدہ کیا تھا، جہاں انہوں نے بی ایس کمیونیکیشن اینڈ میڈیا اسٹڈیز میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی تھی۔
عفیفہ کا تعلق اصل میں ضلع مانسہرہ کے گاؤں عطر شیشہ سے ہے ۔وہ چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہے اور اس کے والد ایک سرکاری اسکول کے استاد ہیں۔ انہوں نے اپنی تقرری پر گورنر اور KMU کے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ان کے احسان کو زندگی بھر نہیں بھولیں گی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی اپنی معذوری کو اپنے تعلیمی کیرئیر کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا اور انہوں نے اپنی تعلیم عام طلباء کے ساتھ مقابلے کے ماحول میں مکمل کی جس پر انہیں فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا کے نئے چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس میدان میں ملک و قوم اور صوبے کا نام روشن کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وہ اپنے کام کے دوران اپنی معذوری کو آڑے نہیں آنے دے گی اور دیگر ملازمین کے شانہ بشانہ اپنے فرائض زیادہ تندہی اور جوش و خروش سے سرانجام دے گی۔
دریں اثناء پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی حمایت اور سرپرستی ہمارا مذہبی، سماجی اور اخلاقی فریضہ ہے، یہی وجہ ہے کہ کے ایم یو میں خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ نہ صرف داخلوں میں بلکہ ملازمت میں بھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں