کراچی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی گرفتاری، جماعت اسلامی کل ملک گیر احتجاج کریگی

کراچی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی گرفتاری، جماعت اسلامی کل ملک گیر احتجاج کریگی

کراچی: میئر کے انتخاب سے قبل منتخب بلدیاتی نمائندوں کی گرفتاری پر جماعت اسلای نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔

میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے انتخاب کے معاملے پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے، اس سلسلے میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے میئر کراچی کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے جب کہ پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر اور سلمان عبداللہ مراد ڈپٹی میئر کے لیے آج اپنے نامزدگی فارم جمع کروائیں گے۔

کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 15 جون کو طریقہ انتخاب کو ہم نے چیلنج کررکھا ہے۔ سندھ حکومت کی ترمیم غیر آئینی ہے، ہمیں عدالتوں سے بہت امید ہے۔ میئر کے انتخاب کے اعلان کے بعد سے 5 چیئرمین گرفتار کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی منتخب نمائندوں کو لاپتا کررہی ہے۔ پہلے خریدنے کی کوشش کی، پھر غائب کرادیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پہلے ہی جیالے میئر کا اعلان کردینا چاہیے تھا۔ جمہوریت کے چیمپئن غیر جمہوری طریقے استعمال کررہے ہیں۔ شہر قائد پر قبضے کے لیے ہر ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔ ہم اپنی اکثریت ثابت کرکے رہیں گے۔ 70ء میں بھی پیپلز پارٹی نے اکثریت اور مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا تھا۔ 77ء میں بھی پیپلز پارٹی کی یہی تاریخ رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے آمریت کا ساتھ دیا اور مادر ملت کو ہرادیا۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ جعلی حلقہ بندیوں کو مجبوراً قبول کیا۔ پیپلز پارٹی کو الیکشن کمیشن اور آر اوز کی مدد حاصل ہے۔ سارا زور لگاکر بھی پیپلز پارٹی اکثریت حاصل نہیں کرسکی۔ جماعت اور پی ٹی آئی کی اکثریت کے بعد کس منہ سے یہ میئر لانے کی بات کررہے ہیں۔ پیپلز پارٹی قبضے کے نظام کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے، سسٹم کام کررہا ہے۔ کوئی جگہ ایسی نہیں جہاں 80 فیصد کرپشن نہ ہوتی ہو۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی فاشسٹ پارٹی ہر غیر آئینی طریقہ استعمال کررہی ہے۔ کل فاشزم کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔کل ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ کراچی میں بھی شارع قائدین پر پُرامن احتجاج ہوگا۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے کہا ہے کہ میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن کی طرف سے اکثریت ظاہر کرنے کے بعد اقلیتی جماعت دھونس اور پولیس گردی پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 11جون اتوار کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ امیر جماعت اتوار ہی کو کراچی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب بھی کریں گے۔
۔
Mansehra.com

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں