ڈگری کالج برائے خواتین نواں شہر میں یوم آزادی کی تقریب

گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین نواں شہر ایبٹ آباد میں تنظیم برائے کردار سازی کے زیر اہتمام ہفتہ آزادی 8 اگست تا 14 اگست منایا گیا جس میں کئی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔جس کا مقصد طالبات کو آزادی کی حقیقی قدروقیمت سے روشناس کروانا اور وطن عزیز کے لئے مثبت سوچ کے ساتھ کارآمد شہری بننے کے جذبے کو پروان چڑھانا تھا۔
اس ہفتہ آزادی میں آرٹ اینڈ کرافٹ سوسائٹی نے کالج کو پاکستانی پرچم ، بینرز ، پینا فلیکس اور جھنڈیوں سے سجایا۔
ہفتہ آزادی میں 10 اگست کو باٹنی ڈیپارٹمنٹ نے شجرکاری مہم کا آغاز کیا اور سینکڑوں کی تعداد میں پودے لگائے جبکہ11 اگست کو شعبہ انگریزی کے زیر اہتمام “تحریک آزادی پاکستان” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ 12 اگست کو شعبہ مطالعہ پاکستان اور شعبہ سیاسیات کے تعاون سے ” پاکستان کوئز کا انعقاد ہوا جس میں کالج کے تمام شعبہ جات کی طالبات نے حصہ لیا
جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ ہفتہ آزادی کی اختتامی اور مرکزی تقریب 14اگست کو منعقد ہوئی جس میں پرچم کشائی کے بعد پاکستان کی بقا عزت و سلامتی اور تحفظ کے لئے دعا کی گئی۔
اس موقع پر طالبات نے ملی نغمات اور آزادی کی اہمیت پر تقاریر پیش کیں۔
اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی کالج کی پرنسپل پروفیسر غزالہ کرن اعوان نے اپنے پیغام میں جذبہ حب الوطنی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور طالبات کو محنت اور لگن سے اپنی صلاحیتوں کے استعمال سے وطن عزیز کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔
طالبات نے پاکستان کو آزاد اور باوقار ملک بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں