مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ جماعت اسلامی کا ایبٹ آباد سے لانگ مارچ کا اعلان

ایبٹ آباد(نمائندہ خصوصی)ملک کے دیگر حصوں کی طرح ایبٹ آباد میں مرکزی امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر بجلی کے ظالمانہ بلوں اورمہنگائی کے خلاف تاجروں کا مکمل شٹر ڈاؤن وتاریخی احتجاجی ریلی میں عوام اور تاجروں کا ہجوم امڈ آیا ۔جماعت اسلامی ایبٹ آباد اور آل ٹریڈرز فیڈریشن کی مشترکہ ریلی میں حکومت کو ظالمانہ ٹیکس واپس کرنے اور مہنگائی ختم کرنے کی ڈیڈ لائن ،عمل نہ ہونے پر مرکزی انجمن تاجران اور مرکزی امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر پشاور صوبائی اسمبلی کے بائر اور اسلام آباد پارلیمنٹ کے سامنے ہزارہ سے لانگ مارچ کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔اس سلسلہ میں ہفتہ کے روز ایبٹ آباد شہر میں تاجروں کی نمائندہ تنظیم آل ٹریڈرذ فیڈریشن نے کامیاب ترین ہڑتال اور تاریخی ریلی نکال کر تاریخ رقم کی ۔تاجروں نے سربن چوک سے صدر آل ٹریڈر فیڈریشن سردار شاہنواز جنرل سیکرٹری سجاد خان کی قیادت میں ریلی نکالی جو فوارہ چوک میں جماعت اسلامی کے کارکنان ،شہریوں کے ساتھ شامل ہوئی ۔فوارہ چوک سے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر عبدالرزاق عباسی امیر شہر امیدوار صوبائی اسمبلی امجد خان جدون ،مختلف تاجر تنظیموں کے رہنماؤں کی قیادت میں ریلی جناح چوک تک نکالی گئی جو بڑے جلسہ میں بدل گئی۔پنڈال میں ضلعی امیر جماعت اسلامی عبدالرزاق عباسی ،امیدوار صوبائی اسمبلی امجد خان جدون ،آل ٹریڈر فیڈریشن کے صدر سردار شاہنواز ،جنرل سیکرٹری سجاد خان جدون ،تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ نثار احمد ،اے ٹی ایف کے ترجمان سردار رومان ،تحریک صوبہ ہزارہ کے مرکزی صدر سلطان العارفین خان ،انجمن اتحاد شہریاں کے صدر ملک سجاد ،ایوان تجارت ایبٹ آباد کے جنرل سیکرٹری مفتی جعفر طیار مقبول اعوان ،قلندر آباد انجمن تاجران کے صدر حاجی عمر فاروق ،کینٹ سٹی تاجر اتحاد کے صدر حاجی ممتاز خان ،جنرل سیکرٹری حاجی شاہد اشرف اعوان،ایبٹ آباد بزنس کونسل کے رہنما وسیم علی ملک ،لنک روڈ کے جنرل سیکرٹری علی قریشی ،نوجوان رہنما عدیل شیخ اور دیگر نے خطاب کیا ۔جب کہ اس موقع پر اہلسنت والجماعت کے حاجی ایاز خان جدون ،سابق صدر آل ٹریڈرز فیڈریشن سلطان احمد نواز ،ایبٹ آباد بزنس کونسل کے چیئرمین سید افتخار علی شاہ ،نیبر ہوڈ کونسلز کے ناظمین عمران خان عرف ایمو ،سردار شبیر ،عامر فضل ،الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار اور شہری کثیر تعداد میں موجود تھے۔جب کہ ایبٹ آباد پولیس کی جانب سے اہلکاران بھی کسی بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے ڈی ایس پی کینٹ یسین جنجوعہ کی نگرانی میں موجود تھے۔الخدمت فاؤنڈیشن کی ایمبولینس بھی ریلی کے ساتھ ساتھ موجود رہی اور ان کے رضاکار احتجاجی مظاہرین کو ٹھنڈے پانی سے تواضع کرتے رہے۔ایبٹ آباد میں نکالی جانے والی ریلی میں تاجروں نے بڑے نظم وضبط کا عملی مظاہرہ کیا اور مین شاہراہ قراقرم سربن چوک میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک پولیس کے شانہ بشانہ رہے ۔اور تاریخ ساز شٹر ڈاؤن کے لئے آل ٹریڈرز فیڈریشن کے مرکزی دفتر میں کنڑول روم قائم کیا ۔قبل ازیں مختلف ذیلی بازاروں کے صدرو ریلیوں کی صورت میں سربن چوک میں جمع ہوئے اور حکومت کے ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف نعرہ بازی کی ۔احتجاجی جلسہ میں مقررین نے حکومت سے فی الفور ظالمانہ ٹیکسز واپس کرنے پر زور دیا اور اشیاء خوردونوش میں عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا گیا ۔مقررین کا کہنا تھا ایبٹ آباد میں مکمل یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا گیا ہے حکومت نے سنجیدگی نہ دکھائی تو پشاور صوبائی اسمبلی اور اسلام آباد پارلیمنٹ کی جانب ہزارہ کے عوام کا لانگ مارچ ہوگا ۔ایبٹ آباد کے عوام مطالبات کے حصول تک اب چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔پنڈال میں جماعت اسلامی کے امیدوار صوبائی اسمبلی امجد خان جدون کا کہنا تھا عوام کے حقوق کے لئے مسلسل جدوجہد جاری رہے گی جس پر مظاہرین نے ہاتھ بلند کرکے مکمل ساتھ دینے کا عزم کیا ۔احتجاجی مظاہرین نے کتبے اور بینرز بھی آویزاں کر رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔مقررین نے ایبٹ آباد کے تاجروں کو تاریخی شٹر ڈاؤن کرنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں