جے یو آئی کا بھی مہنگائی کے خلاف شدید احتجاج

مانسہر ہ جمعیت علمائے اسلام ضلع مانسہرہ کے جنرل سیکرٹری مولانا مفتی ناصر محمود نے کہا کہ تاریخ کی بدترین مہنگائی کے ڈسے ہوئے شہریوں پر کے الیکٹرک کی جانب سے ظالمانہ بلز کا ڈرون حملہ جان لیوا ثابت ہو رہا ہے۔ بے جا ٹیکسز کے نام پر عوام کو تختہ مشق بنانا شرمناک ہے۔ شہریوں کے ہاتھوں پیسکو ورکرز کو نشانہ بنایا جانا کسی بڑے خطرے سے کم نہیں انہوں نے کہا مدارس و مساجد کے بلوں میں ٹی وی فیس اور ایڈجسٹمنٹ کے نام پر لاکھوں روپے کے ٹیکسز بے شرمی کی انتہا ہے۔ کے پیسکو انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور ظالمانہ ٹیکسز پر مشتمل بلز کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔ اپنے جاری بیان میں مولانا ناصر محمود نے کہا کہ انتظامیہ نہ جانے کس جرم کی سزا دیتے ہوئے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کررہی ہے۔ اووربلنگ اور مختلف بے جا ٹیکسز لگاکر بجلی کے بل سے آئی ایم ایف کا شرائط نامہ بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلز میں فیول ایڈجسمنٹ، الیکٹریسٹی ڈیوٹی، ٹی وی فیس، کواٹرلی ایڈجسٹمنٹ، فنانس چارجنگ، ود ہولڈنگ ٹیکس اور ایکسٹرا چارجز کے نام پر عوام کو ذبح کرنے کی پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے عوام بجلی کے بل ادا کرے یا بل سے دوگنے بے سر و پا ٹیکسز ادا کرے انہوں نے کہا کہ یوں معلوم ہوتا ہے کہ پورے ملک سے ٹیکس اکٹھے کرناپیسکو کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ بجلی کے بل سے دوگنے اضافی اور بے جا ٹیکسز وصول کرنا کب سے پیسکو کی ذمہ داری بنا ہے؟ مولانا مفتی ناصر محمود نے مزید کہاکہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ مدارس و مساجد کے بلز معاف کئے جاتے اور انہیں سہولت دی جاتی مگر ناجائز اووربلنگ کیساتھ ساتھ مساجد کے بلوں میں ٹی وی فیس اور ایڈجسٹمنٹ کے نام پر لاکھوں روپے کے ناجائز ٹیکس لگائے جارہے ہیں مولانا ناصر محمود نے خبردار کیا کہ مہنگائی اور بیروزگاری کی چکی میں پسی ہوئی عوام پر اگر بجلی کے بے تحاشا ٹیکسز پر مشتمل بلوں کے نام پر ظلم بند نہ کیا گیا تو صورتحال اداروں اور حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوجائے گی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ اس معاملے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے عوام کو واضح ریلیف فراہم کیا جائے وگرنہ بپھرے ہوئے عوام کا سمندر سب کچھ بہا لے جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں