تھاکوٹ حادثہ موٹر وے کے پٹرولنگ آفیسر نصیر تنولی جان بحق ۔

ایبٹ آباد ہزارہ موٹروے تھاکوٹ (زون فور) کے مقام پرچند روز قبل حادثہ میں زخمی ہونے والے پٹرولنگ آفیسر نصیر خان تنولی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔موٹر وے پولیس میں خدمات سرانجام دینے والے پٹرولنگ آفیسر نصیر خان تنولی دوران ڈیوٹی تھاکوٹ کے مقام پر حادثہ کا شکار ہوئے تھے جنہیں شدید زخمی حالت میں ایوب میڈیکل کمپلیکس میں منتقل کیا گیا جہاں وہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج تھے ۔وہ گزشتہ روز دم توڑ گئے ۔ان کی نماز جنازہ ایبٹ آباد جلال بابا پنوں خیل محلہ میں ادا کی گئی جس میں موٹروے پولیس کے افسران اور جوان بھی شریک تھے اور بعد ازاں انہیں آبائی گاؤں تحصیل لوئر تناول بچھاہ کلاں میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کیا گیا ۔جہاں موٹر وے پولیس نے پورے سرکاری اعزاز کے سپرد خاک کیا اورچاک چوبند دستے نے سلامی بھی دی اس موقع پر شہید کی قبر پر انسپکٹر جنرل موٹر وے پولیس ،ڈپٹی انسپکٹر جنرل ہزارہ زون اور ایس پی سیکٹر کمانڈر ایک 35 کی جانب سے پھولوں کی چادر بھی چڑھائی گئیں۔اور شہید کے بچوں کو قومی پرچم ،موٹر وے کا لوگو اور شہید کی وردی بھی دی گئی ۔نوجوان آفیسر کی ناگہانی وفات پر علاقہ کی فضا سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار تھی ۔مرحوم کے پسماندگان میں دو بیٹے ایک بیٹی ،بیوہ ،ضعیف والدہ اور معمر بھائی ہیں۔پٹرولنگ آفیسر اپنے گھر کے واحد کفیل تھے ۔جن کی وفات سے ایک خلا پیدا ہوا ہے جو پر نہیں ہو سکے گا۔اہلیان علاقہ نے دوران ڈیوٹی حادثہ کا شکار ہونے والے پٹرولنگ آفیسر مرحوم نصیر خان تنولی کو شہداء پیکج بھی دینے کا مطالبہ کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں