عدالت نے نیب کو بشریٰ بی بی کو گرفتار کرنے سے روک دیا

عمران خان کی اہلیہ کی گرفتاری ٹل گئی
القادر ٹرسٹ کیس؛

اسلام آباد: احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا۔

القادر ٹرسٹ کیس میں بشریٰ بی بی کے وکیل خواجہ حارث احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش ہوئے اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی۔

بعد ازاں بشریٰ بی بی اور عمران خان سخت سکیورٹی کے حصار میں احتساب عدالت پہنچے جہاں بشریٰ بی بی کی حاضری لگوائی گئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی۔

دوران سماعت وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے روک دیا۔ عدالت نے 31 مئی تک درخواست ضمانت منظور کرلی اور نیب کو نوٹس جاری کرکے 31 مئی تک جواب طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کی لاہور ہائی کورٹ سے ملنے والی حفاظتی ضمانت آج ختم ہو رہی تھی، جس پر لیگل ٹیم نے آج پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ اور بعد ازاں احتساب عدالت ہی میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا جب کہ عمران خان القادر ٹرسٹ کیس میں پہلے ہی 31 مئی تک ضمانت پر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں