چوکی پولیس راڑہ کی بروقت کاروائی! لفٹ مانگنے والے مقامی راہزن مرد وعورت گرفتار

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز علی الصبح مقامی فیملی کو راڑہ کے قریب لفٹ کے بہانے لوٹنے کی کوشش کرنے والے خیبر پختون خواہ کے دو رکنی گروہ مرد اورخاتون کو گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ کی حوالات میں بند کردیا گیا ، محمد ارشاد خان ایڈوکیٹ ساکنہ بسناڑہ اپنی اہلیہ اور بچی کے ہمراہ مظفرآباد آرہے تھے کہ راڑہ کے قریب ایک مرد اور خاتون نے موٹر سائیکل کی خرابی کا بہانہ بنا کر لفٹ مانگی، گاڑی رکنے پر ملزم محمد عاقل عباسی ساکنہ پٹن خورد ضلع ایبٹ آباد (بالمقابل راڑہ) اور اسکی مبینہ بیوی نازیہ نے تیز دھار آلہ سے گاڑی میں بیٹھی معصوم بچی کی گردن پر رکھ کر فیملی کو لوٹنے کی کوشش کی مزاحمت پر محمد ارشاد خان ایڈوکیٹ زخمی ہو گئے، واقعہ کی اطلاع پر چوکی پولیس راڑہ کے تفتیشی آفیسر محمد خورشید، راشد عباس، محمد سدھیر، سجاد حسین شاہ ودیگر نفری اور مقامی لوگ پہنچ گئے،جبکہ ڈی ایس پی سٹی سید اشتیاق گیلانی بھی فوری موقع پر پہنچے،
ایس ایچ او تھانہ سول سیکرٹریٹ راشد حبیب نے میڈیا کے رابطے پر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ متاثرہ فیملی کی مزاحمت، مقامی لوگوں اور پولیس کے بروقت پہنچنے پر ملزمان کا تعاقب کیا گیا اور واقعہ کے فوری بعد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، تھانہ پولیس سول سیکرٹریٹ نے محمد ارشاد خان ایڈوکیٹ کی درخواست پر فیملی کو لوٹنے کی کوشش کرنے، راستہ روکنے، اور زخمی کرنے کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ انھوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ اسی طرح ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیا جائے کسی بھی مشکوک سرگرمی کو دیکھیں فوری پولیس کو اطلاع کریں، دریں اثنا عوامی حلقوں نے مقامی افراد اور راڑہ چوکی پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملزمان کو سخت ترین سزا دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں