ہزارہ یونیورسٹی میں قومی سطح کے مشاعرہ کا انعقاد

مانسہرہ : ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز اور حلقہ اربابِ ذوق کے زیر اہتمام قومی سطح کے مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ مشاعرہ میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے شعراء جن میں اسلام آباد سے خالد مصطفی، ڈی آئی خان سے خورشید ربانی اور خوشحال ناظر، منڈی بہا الدین سے سید حسنین محسن، توقیر احمد، نعیم رضا بھٹی اور عقیل عباس سمیت دیگر علاقائی شعراء نے شرکت کرتے ہوئے اپنے کلام پیش کئے۔

ڈین فیکلٹی آف لاء اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر اذکیا ہاشمی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ نظامت کے فرائض فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کے چیئر مین ڈاکٹر اخلاق احمد اعوان نے سر انجام دیئے۔پروفیسر ڈاکٹر اذکیا ہاشمی نے مشاعرے کے انعقاد کو خو ش آئندقرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے ادبی ذوق پروان چڑھانے اور کتاب دوست کلچر کو فروغ ملتا ہے۔

جسے مشعل راہ بناتے ہوئے نوجوان طلباء و طالبات فنون لطیفہ میں ملکی و بین الاقوامی سطح پر ہزارہ یونیورسٹی اور پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی تعلیمی، تحقیقی اور کھیلوںکی سرگرمیوں کی طرح ادبی سرگرمیوں کی بھرپور سرپرستی کر رہی ہے اور سلسلے میں یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر فیصل نوروز کی کاوشیں مثالی ہیں۔

ڈاکٹر اذکیا ہاشمی نے ڈاکٹر فیصل نوروز کو مشاعرے کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔محفل مشاعرہ میں یونیورسٹی کے تعلیمی شعبوں کے سربراہان، مختلف انتظامی افسران اور فیکلٹی ممبران سمیت دیگر ملازمین اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں